مریم نواز کی ہونے والی بہو کس کی بیٹی ہیں؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے کی نکاح کی تقریب رواں ماہ22اگست کو لندن میں منعقد ہوگی اور ان کی جانب سے دعوت نامے کی تصویر شیئر کرنے کے بعد سے جنید صفدر کے نکاح کی تقریب سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی۔

مریم نواز کے بیٹے کا نکاح کس سے اور کہاں ہوگا، اس میں کون شریک ہوگا اس کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں۔


مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے محمد جنید صفدر 2018 میں اس وقت خبروں کا حصہ بنے تھے جب مریم نواز اور نواز شریف عام انتخابات سے قبل پاکستان واپس آئے تھے۔

وطن واپسی سے قبل مریم نواز نے اپنے بچوں سے ملتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی تھی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔


اسی روز جنید صفدر کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جس میں وہ اور ان کے کزن زکریا کو نوجوان کو مُکا مارنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر مظاہرین سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف نعرے لگا رہے تھے اور مطالبہ کر رہے تھے کہ پاکستان جانے سے پہلے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ان کے حوالے کر دیئے جائیں۔

اس دوران ایک شخص نے جنید صفدر اور ان کے کزن زکریا حسین کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کیے، جس پر دونوں مشتعل ہوگئے اور اسے مکا دے مارا تھا۔

واقعے کے اگلے روز لندن میٹروپولیٹن پولیس نے انہیں رہا کرنے کی تصدیق کی تھی۔

اسی ماہ جولائی میں جنید صفدر کی پاکستان آمد پر خبریں زیر گردش تھیں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) انتخابی مہم کے لیے 23 سالہ جنید کو متعارف کرانے پر غور کررہی ہے۔

تاہم برطانیہ کی یونیورسٹی میں سیاسیات کے طالب علم جنید صفدر نے عام انتخاب کی مہمات میں اہم کردار ادا نہیں کیا تھا۔

اس کے بعد سے جنید صفدر عوامی منظر نامے سے غائب رہے اور رواں برس جولائی میں وزیراعظم عمران خان نے ایک تقریر میں ان کے پولو میچ کا مختصر ذکر کیا تھا جس میں نواز شریف نے بھی شرکت کی تھی۔

مریم نواز کی جانب سے شیئر کیے گئے دعوت نامے کے مطابق جنید صفدر کا نکاح 22 اگست کو عائشہ سیف سے ہوگا۔

اگرچہ دلہن سے متعلق زیادہ تفصیلات سامنے نہیں آئیں لیکن یہ معلوم ہے کہ وہ نواز شریف کے قریبی ساتھیی سیف الرحمٰن خان کی بیٹی ہیں جنہیں 1997میں نواز شریف کے بطورِ وزیراعظم دوسری مدت کے دوران احتساب بیورو کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔

مریم نواز کے بیٹے کے نکاح کی تقریب لندن کے مہنگے ترین اور پرتعیش 5 اسٹار ہوٹل میں منعقد ہوگی جو 1719 سے تاحال موجود ہے۔

دی لینس بورو ہوٹل، ہائیڈ پارک کارنر پر نائٹس برج میں واقع ہے۔

سال 2015 میں اس ہوٹل کو دی ٹیلی گراف کی جانب سے لندن کا مہنگا ترین ہوٹل قرار دیا گیا تھا۔

باربرا والٹرز، میڈونا، جارج بش سینئر، چیر، آرنلڈ شوارزنیگر، سلویسٹر اسٹالون، جونی ڈیپ، مائیکل بولٹن، ماریہ کیری اور پامیلا اینڈرسن سمیت کئی شوبز اور معروف شخصیات اس ہوٹل میں قیام کرچکی ہیں۔

اس میں میشلین اسٹار ریسٹورنٹ بھی ہے جو اپنے میٹھے پکوانوں کی وجہ سے مقبول ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہے کہ جنید صفدر کے نکاح میں یہ شامل ہوں گے یا دیسی پکوان پیش کیے جائیں گے۔

جنید صفدر کے نکاح میں ان کی والدہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شرکت نہیں کریں گی اور انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس موقع پر بیرون ملک سفر کی اجازت کے لیے حکومت کو کوئی درخواست نہیں دیں گی۔

علاوہ ازیں جنید صفدر کے والد کیپٹن (ر) صفدر کی بیٹے کے نکاح میں شرکت سے متعلق کچھ واضح نہیں ہے۔

چونکہ نواز شریف لندن میں ہیں تو وہ اپنے نواسے کے نکاح میں شریک ہوں گے اور ان کے رشتہ دار و پارٹی رہنما اسحٰق ڈار کے شرکت ہونے کے قوی امکانات ہیں۔

دلہے کے دوست اور رشتے داروں کے علاوہ ان کے نکاح میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کا کوئی رہنما شرکت کرے گا یا نہیں اس حوالے سے کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔