کراچی میں کل شام سے ہلکی بارش کا امکان

کراچی (قدرت روزنامہ)چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کل شام یا رات سے ہلکی بارش کا امکان ہے۔’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کراچی میں اتوار کی رات معتدل بارش ہو سکتی ہے، جبکہ 8 اگست تک ہلکی سے درمیانی شدت کی بارشوں کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ 10 اگست کی شام یا رات سے ایک اور سسٹم سندھ پر اثر انداز ہو سکتا ہے، جس کے تحت کراچی سمیت سندھ بھر میں 15 اگست تک بارشوں کا امکان ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ 10 سے 15 اگست کے دوران تیز بارش ہو سکتی ہے، مون سون کا یہ کم دباؤ خلیجِ بنگال اور مشرقی بھارت سے آ رہا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ مون سون کے اس سسٹم کی شدت زائد لگ رہی ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق 10 سے 15 اگست کے دوران تیز بارشوں کے باعث سندھ کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے کیا کہا؟
موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہےکہ گزشتہ رات تھر پارکر اور بلوچستان کے کچھ حصے میں بارش ہوئی، کراچی میں کل سے 7 اگست تک ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے۔موسمیاتی تجزیہ کارنے یہ بھی بتایا ہے کہ شہرِ قائد میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔