کرینہ کپور نے فلم میں کردار کیلئے 12 کروڑ روپے مانگے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ میں بیبو کے نام سے مشہور اداکارہ کرینہ کپور نے فلم میں ’سیتا‘ کے کردار کے لیے 12 کروڑ روپے مانگنے کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق چند ماہ قبل یہ افواہ سامنے آئی تھی کہ کرینہ کپور نے فلم ’راماین‘ میں ’سیتا‘ کا کردار ادا کرنے کے لیے 12 کروڑ روپے مانگے تھے۔
یہ افواہ سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیل گئی تھی جس کے بعد اداکارہ کو شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا لیکن کرینہ کپور خاموش رہی تھیں۔تاہم، اب کرینہ کپور نے اس افواہ پر خاموشی توڑ دی ہے، حالیہ انٹرویو کے دوران اداکارہ نے کہا کہ میں نے کبھی اس افواہ پر وضاحت نہیں دی کیونکہ اس کی وجہ یہ ہے کہ مجھے کبھی اس فلم کی پیشکش نہیں کی گئی۔
کرینہ کپور نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ میرے بارے میں یہ افواہ کیوں پھیلائی گئی لیکن یہ سب جھوٹ ہے۔اداکارہ نے مزید کہا کہ ہر روز لوگ سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات سے متعلق کوئی نہ کوئی خبر تلاش کرتے ہیں لیکن مجھے واقعی نہیں معلوم کہ یہ افواہ کیوں اور کہاں سے آئی۔
واضح رہے کہ کرینہ کپور اور عامر خان اپنی نئی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کے ریلیز ہونے کے لیے تیار ہیں۔لال سنگھ چڈھا کی ہدایت کاری ادویت چندن نے کی ہے اور یہ فلم رواں ماہ 11 اگست 2022 کو ریلیز ہونے والی ہے۔