مقبوضہ کشمیر کے شہری 3 سال سے بنیادی حقوق سے محروم ہیں: بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیرِ خارجہ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ 3 سال سے مقبوضہ کشمیر کے شہری بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔یہ بات وزیرِ خارجہ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یومِ استحصالِ کشمیر پر جاری کیے گئے پیغام میں کہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بھارت نے اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں کو پامال کیا، کشمیریوں کو آزادی ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت سے یاسین ملک اور میر واعظ عمر فاروق سمیت تمام قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے اپیل کی ہے کہ اقوامِ متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق بحال کرائے۔
یومِ استحصال کشمیر کیوں منایا جاتا ہے؟
واضح رہے کہ 3 سال قبل آج کے دن (5 اگست 2019ء کو) بھارت نے ظلم و جبر کا قانون نافذ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا تھا۔
آج بھارت کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے۔اس موقع پر اسلام آباد کی شاہراہوں پر ٹریفک کو 1 منٹ کے لیے روکا گیا، کشمیریوں سے یک جہتی کے اظہار کے لیے 1 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔