عمران کو نااہل قرار دینے کی کوشش کرنے والے پچھتائیں گے، شیخ رشید

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اور اس کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو نااہل قرار دینے کی کوشش کرنے والے خود پچھتائیں گے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ سیاسی بےامنی اور بدامنی مزید انتشار اور خلفشار پیدا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اگست میں سجنے والا سیاسی دنگل ملکی اور عوامی مسائل میں اضافہ کرے گا۔


شیخ رشید کا مزید کہنا ہے کہ مستقبل کی ساری ذمے داریاں عدلیہ کے کندھوں پر آگئی ہیں۔سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا یہ بھی کہنا ہے کہ 30 اگست تک اہم وقت ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں سینئر صحافیوں اور اینکرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ مجھے سنگل آئوٹ اور نااہل کرنے کا حکومتی خواب پورا نہیں ہوگا۔

اسلام آباد کے ایف 9 پارک میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب نے کہا تھا کہ عمران خان کو نااہل کرکے دکھائیں اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔