سوشل میڈیا، فوج کیخلاف مہم چلانے پر شرمندہ اور معذرت خواہ ہوں، PTI اسٹوڈنٹ ونگ کے سابق عہدیدار کا اعترافی بیان
کراچی (قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا پر فوجی جوانوں کے خلاف منفی مہم چلانے والے پی ٹی آئی اسٹوڈنٹ ونگ محمد منیب کیانی نے اپنے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر فوج کیخلاف مہم چلانے پر شرمندہ اور معذرت خواہ ہوں،
مختلف پیجز سے انفارمیشن لے کر میں نے جو ٹوئٹ جنریٹ کیا اس میں سے کچھ بھی سچ نہیں تھا اور میں نے اس کی تصدیق بھی بالکل نہیں کی تھی، مجھ سے بہت بڑی غلطی ہوئی، جو کچھ لوگوں کے اثر و رسوخ اور ان سے متاثر ہونے کی وجہ سے ہوئی۔ملزم کے والد فرحت نعیم کیانی نے کہا کہ میرے بیٹے سے غلطی ہوئی، آئندہ یہ کام نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے اعترافی بیان میں ملزم نے کہا کہ میرا نام محمد منیب کیانی ہے اور میرے والد کا نام فرحت نعیم کیانی ہے۔ میں دو سال کیلئے پی ٹی آئی (آئی ایس ایف) انصاف یونین فیڈریشن کا سینئر ڈپٹی کنوینر رہا ہوں اور کل میں نے دو ٹوئٹس کئے جس میں ایک ٹوئٹ میں نے خود جنریٹ کیا تھا اور دوسرا میں نے کاپی پیسٹ کیا تھا بالکل اسی طرح میں نے پورا کاپی کرکے اس کو پیسٹ کردیا تھا۔
شرمندہ اور معذرت خواہ ہوں مجھ سے بہت بڑی غلطی ہوئی اور یہ غلطی کچھ لوگوں کے اثر و رسوخ کی وجہ سے ہوئی اور کچھ لوگوں سے متاثر ہوکر ہوئی جن میں جہاں سے میں نے انفارمیشن لی وہ ایک سولجر اسپیک کا پیچ تھا ایک ازمہ خان پی ٹی آئی سے تھا اور ایک سبینہ کیانی پیچ تھا اور ایک عمران ریاض خان پیچ تھا جس سے میں نے یہ ساری انفارمیشن لے کر جو ٹوئٹ میں نے جنریٹ کیا اور وہ میری بہت بڑی غلطی تھی اس میں سے کچھ بھی سچ نہیں تھا اور میں نے اس کی تصدیق بھی بالکل نہیں کی تھی۔
ملزم منیب کیانی کے والد نے اعترافی بیان میں کہا کہ میں فرحت نعیم کیانی جو محمد منیب کیانی کا والد ہوں میرے بیٹے نے کل ایک ٹوئٹ کیا تھا جو کہ قابل اعتراض تھا اور اس کو میں عین وقت پر چیک نہیں کرسکا جس کی میں ذمہ داری لیتا ہوں اور آج میں اس چیز کی گواہی دیتا ہوں کہ آئندہ یہ کام نہیں ہوگا اور ہم اس چیز سے دور رہیں گے اور میں اپنے بیٹے کی تمام ایکٹیویٹی پر نظر رکھوں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم محب وطن لوگ ہیں اور پاکستان آرمی جیسے میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ اس کا خون ہماری رگوں میں ہے اور ہم اس کا دل و جان سے احترام کرتے ہیں اور انشاء اللّٰہ کرتے رہیں گے ۔ لہٰذا یہ غلطی جو میرے بیٹے سے ہوئی ہے اس کو میں Own کرتا ہوں اور آئندہ کے لئے اس کو کہوں گا کہ کبھی بھی یہ ایسی غلطی نہ کرے اور میں خود اس چیز کا ذمہ دار ہوں اور میں اس چیز کا اقرار کررہا ہوں کہ آئندہ وہ اس قسم کی غلطی نہیں کرے گامیں اس کی ذمہ داری لیتا ہوں، پاک فوج زندہ باد۔