الیکشن کمیشن کی ووٹرلسٹوں میں سنگین غلطیاں، پی ٹی آئی امیدوار ہی مردہ قرار

کراچی(قدرت روزنامہ) الیکشن کمیشن کی ووٹر لسٹوں میں سنگین غلطیاں سامنے آنے کا سلسلہ جاری، کراچی سے پی ٹی آئی امیدوار بھی الیکشن کمیشن کی سنگین غلطیوں کا متاثرہ نکلا۔
اے آر وائی نیوز رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کا کراچی سے بلدیاتی امیدوار الیکشن کمیشن کے ریکارڈ میں مردہ قرار دیا گیا ہے۔کراچی کے علاقے بفرزون کے رہائشی فیصل ریاض نے بتایا کہ بلدیاتی امیدوار کے طور پر کاغذات جمع کرانے گیا تو ووٹر لسٹ میں مردہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، فیصل ریاض نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے زندہ کو مردہ قرار دے دیا، اب دربدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہوں۔متاثرہ شہری نے بتایا کہ جنرل کونسلر کے لیے بلدیاتی انتخابات لڑنا چاہتا تھا، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ گزر گئی،ریکارڈمیں ابھی مردہ ہوں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ریاض حیدر کو غلطی سے مردہ قرار دے دیا تھا۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سے موصول ایس ایم ایس میں بتایا گیا ہے کہ آپ فوت ہو چکے ہیں۔ ریاض حیدر نے کہا کہ ایسے عمل سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ الیکشن کمیشن کی کیا کارکردگی ہے، سازش کے تحت ووٹر لسٹ میں گڑ بڑ کی جا رہی ہے۔