ابتدا میں عامر نے لال سنگھ چڈھا کی اسکرپٹ مسترد کردی تھی، اتل کلکرنی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی اداکار اور اسکرپٹ رائٹر اتل کلکرنی کا کہنا ہے کہ سپر اسٹار عامر خان نے ابتدا میں فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی اسکرپٹ مسترد کردی تھی۔ اس حوالے سے اپنے ایک انٹرویو کے دوران اتل کلکرنی کا کہنا تھا کہ ہالی ووڈ فلم فوریسٹ گمپ کی کہانی پر فلم بنانے سے متعلق 2008 سے سوچ رہے تھے جبکہ وہ اور عامر خان دونوں ہی اس (فوریسٹ گمپ) جیسا کچھ کرنا چاہ رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ میرے گھر میں فوریسٹ گمپ کی ڈی وی ڈی موجود تھی، وقت ملا تو وہ دیکھی اور اس کے بعد فلم کی اسکرپٹ لکھنے کا سوچا۔ اتل کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسکرپٹ کا پہلا ڈرافٹ 10 دنوں جبکہ دوسرا ڈرافٹ 4 دنوں میں تیار کرلیا تھا۔
اداکار نے بتایا کہ جب وہ عامر خان کے پاس یہ اسکرپٹ لے کر پہنچے تو بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ نے دو سال تک اسے نہیں پڑھا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’عامر ہمیشہ یہ کہتے رہے کہ ’ہاں پڑھتے ہیں‘، یہاں مجھے اس بات کا بھی اعتراف کرنا پڑے گا کہ کم وقت میں اسکرپٹ بنانے پر عامر نے یہ بھی کہا تھا کہ آپ اچھے مصنف نہیں ہو، آپ نے فوریسٹ گمپ جیسا اسکرپٹ صرف 15 دن میں تیار کرلیا۔‘
اتل کلکرنی نے بتایا کہ جب عامر نے اسکرپٹ پڑھا تو اس کی تعریف کی جبکہ نہ صرف اس میں کام کرنے بلکہ اسے پروڈیوس کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ عامر خان کی نئی فلم لال سنگھ چڈھا 11 اگست کو ریلیز کی جارہی ہے۔ فلم میں عامر کے علاوہ کرینہ کپور بھی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گی۔