نواز شریف ، شہباز شریف یا مریم نواز۔؟ آئندہ انتخابات میں ن لیگ کی قیادت کون کرے گا؟ فیصلہ ہو گیا

لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ آئندہ سال عام انتخابات میں نوازشریف انتخابی مہم کی قیادت کریں گے، نوازشریف پاکستانی سیاست کا محور ہیں، نوازشریف کو جب ڈاکٹراجازت دیں گے تو وہ وطن واپس آجائیں گے۔ ہم نیوز کے مطابق حمزہ شہباز نے لندن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس سے عمران خان کے کھوٹ کا پردہ فاش ہوگیا، فارن فنڈنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائےگا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ نوازشریف پاکستانی سیاست کا محور ہیں، جب ڈاکٹر اجازت دیں گے تو واپسی ہوگی، آئندہ برس ہونے والے انتخابات میں نوازشریف انتخابی کمپین کی قیادت کریں گے، جوڈیشل وزیراعلیٰ پہلی مرتبہ دیکھا ہے، لندن بھاگ کر نہیں آیا بلکہ نجی دورے پر آیا ہوں۔یاد رہے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کے درمیان ملاقا ت ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف سے حمزہ شہباز نے لندن میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی سیاسی صورتحال اور مختلف امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ خیال رہے کہ دو روز قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز طلب کئے جانے پر لندن گئے۔

گزشتہ دنوں میڈیا پر خبریں گردش کر رہی تھیں کہ نواز شریف، حمزہ شہباز سے ناراض ہیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کا موقف ہے کہ حمزہ تین ماہ تک پنجاب حکومت میں رہے اور صوبے میں کوئی موثر کام نہ کراسکے۔ اس کے علاوہ پنجاب میں ضمنی الیکشن ہارنے کی وجوہات پر بھی نواز شریف حمزہ شہباز سے ناراض ہیں۔ دوسری جانب پی ڈی ایم اور حکومتی اتحادی جماعتوں کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اجلاس سیاسی رہنماؤں کی عدم دستیابی کے باعث ملتوی کیا گیا،اب یہ اجلاس عاشورہ کے بعد ہوگا۔

اجلاس ویڈیو لنک پر ہونا تھا جس میں لندن سے نواز شریف اور اسحاق ڈار نے بھی شرکت کرنی تھی۔ اجلاس میں سیاسی صورتحال سمیت پی ڈی ایم کو وفاقی کابینہ کے فیصلوں سے آگاہ کیا جانا تھا،جب کہ آئندہ کی حکمت عملی بھی زیرغور آنی تھی۔ اجلاس میں ضمنی الیکشن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا معاملہ بھی زیر غور آنا تھا ۔