9 محرم الحرام، مختلف شہروں میں جلوس برآمد

کراچی (قدرت روزنامہ)ملک بھر میں 9 ویں محرم الحرام کے سلسلے میں مجالسِ عزا اور جلوسوں کا اہتمام نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔
کراچی: لیاقت آباد سے 9 محرم کا جلوس برآمد
کراچی کے علاقے لیاقت آباد سے 9 محرم الحرام کا جلوس امام بارگاہ بابِ فاطمہ سے برآمد ہو گیا۔یہ جلوس اپنے مقرر کردہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ شاہِ نجف مارٹن روڈ پر اختتام پذیر ہو گا۔
کراچی: مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد
کراچی میں 9 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو گیا۔
مرکزی مجلس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے۔مرکزی جلوس ایم اےجناح روڈ، صدر ایمپریس مارکیٹ اور تبت سینٹر سے گزرتا ہوا کھارادر میں حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔مرکزی جلوس کے شرکاء امام بارگاہ علی رضا ایم اےجناح روڈ پر نمازِ ظہرین ادا کریں گے۔
کراچی کے مرکزی جلوس کے سیکیورٹی انتظامات
جلوس کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس اور رینجرز تعینات ہوں گی، نشانہ باز اہلکار بلند عمارتوں پر تعینات ہوں گے۔جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، جلوس کی نگرانی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے بھی کی جائے گی۔کراچی میں جلوس کی گزرگاہوں سمیت مختلف مقامات پر موبائل فون سروس معطل رہے گی۔
کراچی کا ایم اے جناح روڈ ٹریفک کیلئے مکمل بند
9 محرم الحرام کے جلوس کے پیشِ نظر ایم اے جناح روڈ، صدر، ایمپریس مارکیٹ، ریگل، لائٹ ہاؤس کی مارکیٹیں اور دکانیں سِیل کر دی گئیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہے، جلوس کے راستوں میں آنے والی گلیوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ سول اسپتال جانے کے لیے ڈاؤ یونیورسٹی والا راستہ کھلا ہوا ہے، ٹریفک کو سولجر بازار سے کوسٹ گارڈ یا نشتر روڈ پر موڑا جا رہا ہے۔
ناظم آباد سے آنے والے ٹریفک کو لسبیلہ سے نشتر روڈ اور گارڈن بھیجا جا رہا ہے۔ٹریفک پولیس نے بتایا ہے کہ لیاقت آباد سے آنے والے ٹریفک کو تین ہٹی، مارٹن روڈ، جیل روڈ بھیجا جا رہا ہے۔سپر ہائی وے سے گاڑیوں کو لیاقت آباد سے ناظم آباد چورنگی بھیجا جا رہا ہے۔شاہراہِ قائدین سے آنے والے ٹریفک کو خدا داد سگنل سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
پشاور: نویں محرم کا جلوس برآمد
پشاور میں نویں محرم الحرام کا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال برآمد ہو گیا، جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہو گا۔
لاہور کا مرکزی جلوس برآمد ہو گیا
لاہور میں مرکزی جلوس امام بارگاہ پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہو گا، مرکزی جلوس نیلی بار بنک،سول سیکرٹریٹ، جین منڈر سے ہوتا ہوا واپس پانڈو اسٹریٹ پر ختم ہو گا۔
’’لاہور میں آج 378 مجالس، 79 جلوس برآمد ہوں گے‘‘
سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا کہنا ہے کہ شہر میں آج 378 مجالسِ عزا منعقد ہوں گی اور 79 جلوس برآمد ہوں گے، مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوگا، جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی پر 10 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مرکزی عزاداری جلوس کی سیف سٹی اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے 900 سے زائد کیمروں کے علاوہ ڈرون کیمروں سے بھی مانیٹرنگ ہو گی۔غلام محمود ڈوگر کا کہنا ہے کہ پروگرام آرگنائزرز ضابطۂ اخلاق، روٹ اور اوقات کار کی پابندی کریں، یوم عاشور پر مرکزی جلوسوں کے راستوں پر موبائل سروس مخصوص اوقات میں معطل رہے گی، نویں اور دسویں محرم الحرام کے موقع پر ڈبل سواری پر بھی مکمل پابندی ہو گی۔
سی سی پی او لاہور کا یہ بھی کہنا ہے کہ عزاداری کے جلوسوں کے راستوں کو خاردار تاروں اور بیریئرز کی مدد سے بند رکھا جائے گا، دفعہ 144 کے تحت اسلحے کی نمائش پر پابندی ہے اور ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں گے۔
اسلام آباد: مرکزی جلوس امام بارگاہ G6-2 سے برآمد
ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 ویں محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناء عشری جی 6 ٹو سے برآمد ہو گیا۔
جلوس لال کوارٹرز، جی پی او اور پولی کلینک سے واپس امام بارگاہ اثناء عشری پر اختتام پذیر ہو گا۔
جلوس کے راستوں پر 2 ہزار کے قریب پولیس و سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جس کی سیکیورٹی کی نگرانی ڈی آئی جی آپریشن اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کریں گے۔
موبائل فون سروس معطل رہے گی، ڈی سی اسلام آباد
ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کچھ علاقوں میں آج اور کل موبائل فون سروس معطل رہے گی۔
راولپنڈی: 9 محرم کا مرکزی جلوس برآمد
راولپنڈی میں 9 محرم کا مرکزی جلوس چٹیاں ہٹیاں کی امام بارگاہ سے برآمد ہو گیا، جلوس مغرب کے قریب کرنل مقبول امام بارگاہ پراختتام پذیر ہوگا۔جلوس کے راستے کی گلیاں کنٹینرز اور خار دار تاریں لگا کر سیل کر دی گئیں، جلوس کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس بھی نصب کیے گئے ہیں۔
کوئٹہ: مرکزی جلوس برآمد
کوئٹہ میں 9 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس میکانگی روڈ سے برآمد ہو گیا۔
یہ مرکزی جلوس روایتی روٹ سے ہوتا ہوا قریب ہی اختتام پذیر ہو گا۔جلوس کی راہ گزر پر پولیس و سیکیورٹی فورسز کے اہلکار بڑی تعداد میں تعینات ہوں گے، جبکہ کیمروں کے ذریعے بھی جلوس کی نگرانی کی جائے گی۔
ڈی آئی خان میں جلوس برآمد
ڈی آئی خان میں نویں محرم الحرام کا جلوس مرکزی امام بارگاہ بموں شاہ سے برآمد ہو گیا ہے جو دن 1 بجے مسجد یاعلی پر اختتام پذیر ہو گا۔
گوجرانوالہ: مرکزی جلوس برآمد
گوجرانوالہ میں امام بارگاہ جاگیر علی اکبر سے شبیہہ ذوالجناح کا جلوس برآمد ہو گیا، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا واپس اسی مقام پر اختتام پذیر ہو گا۔پولیس کے مطابق پولیس کے 3069 افسران و جوان سیکیورٹی ڈیوٹی دیں گے۔
ننکانہ صاحب: 9 محرم کا جلوس برآمد
ننکانہ صاحب میں نویں محرم کا مرکزی جلوس رہائشگاہ حکیم سلامت علی مرحوم سے برآمد ہو گیا۔جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قصر نور پہنچ کر ختم ہو گا۔
روہڑی میں 9 محرم کا جلوس برآمد ہو گیا
سندھ کے ضلع سکھر کے شہر روہڑی میں 9 محرم الحرام کا نوڈھالا تعزیےکا جلوس منڈو کھبڑ سے برآمد ہو گیا۔
جلوس روایتی راستوں سےہوتا ہوا بعد نماز مغربین کربلا میدان روہڑی پہنچے گا۔جہلم میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ہڈالہ سیداں سے برآمد ہو گیا۔جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مرکزی امام بارگاہ پراختتام پذیر ہوگا۔