لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب حکومت نے 25 مئی کے پرتشدد واقعات کی تحقیقات کے لیے اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم بنانے کا فیصلہ کر لیا جس کا نوٹی فکیشن آئندہ ہفتے جاری کیا جائے گا . تحریک انصاف کی قیادت نے اہم فیصلوں کی منظوری دی ہے جس میں 25 مئی کو پیش آنے والے تشدد کے واقعات کا جائزہ لیا گیا .
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کی زیر صدارت ایوان وزیر اعلیٰ میں اعلی سطح کی مشاورت ہوئی .
اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اس ضمن میں کمیٹی قائم کریں گے جو عدالتی فیصلے کی آڑ میں سردار دوست مزاری کے قانون سے تجاوز اقدامات کا جائزہ لے گی . عطا اللہ تارڑ اور رانا ثنا اللہ کو بھی نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے .
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ ایک ہفتے میں ایس آئی ٹی اپنی تحقیقات مکمل کرکے اپنی رپورٹ پیش کرے گی اور ایس آئی ٹی ان رہنماؤں کو طلب کرسکتی ہے، ایس آئی ٹی کے ٹی او آرز میں تشدد میں ملوث پولیس افسران کے بارے میں نشاندہی کرنا ہوگی .
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے میں پولیس کو ایوان میں اتارنے کا کوئی حکم نہیں دیا گیا تھا . واضح رہے کہ مشاورت میں اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر، اعجاز چوہدری، مسرت جمشید چیمہ، مشیر اطلاعات عمر سرفراز چیمہ، معظم جتوئی، حسان خاور اور فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے بھی شرکت کی .