روہت شرما نے شاہد آفریدی کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارت کے آل فارمیٹ کپتان روہت شرما پاکستان کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے دوسرے بیٹر بن گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق بھارت کے 35 سالہ کپتان روہت شرما نے گذشتہ روز ویسٹ انڈیز کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 3 چھکے لگائے جبکہ اننگز میں 16 گیندوں پر 33 رنز اسکور کیے۔
میچ کے بعد روہت شرما بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والوں کی فہرست میں بوم بوم شاہد آفریدی کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔پاکستانی لیجنڈ نے اپنے کیریئر میں 27 ٹیسٹ میچز میں سب سے زیادہ 52 چھکے، 398 ون ڈے میں 351 چھکے اور 99 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 73 چھکے لگائے ہیں جبکہ مجموعی طور پر ان کے 476 چھکے ہیں۔
روہت شرما کے بین الاقوامی کرکٹ میں 477 چھکے ہوگئے ہیں جس میں سے 45 ٹیسٹ میں انہوں نے 64 چھکے، ون ڈے میں 250 اور 131 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 163 چھکے لگائے ہیں۔تاہم ویسٹ انڈیز کے تیز ترین بیٹر کرس گیل اب بھی سرفہرست ہیں جن کے نام 553 چھکے ہیں، انہوں نے 103 ٹیسٹ میں 98، 301 ون ڈے میں 331 اور 79 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 124 چھکے مارے ہیں۔