برطانیہ نے افغانستان سے امریکی انخلا پر تنقید کرتے ہوئے خبردارکر دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)برطانیہ نے افغانستان سے امریکی انخلا پر تنقید کرتے ہوئے خبردارکیا ہے کہ امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد طالبان کی بحالی سے شدت پسندوں کی افزائش ہوگی جو پوری دنیا کیلئے خطرہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر دفاع بین والیس نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ طالبان کی جانب سے افغانستان کے مزید علاقوں پر قبضے کے بعد 600 فوجی برطانوی شہریوں کو افغانستان سے نکلنے میں مدد کریں گے۔

برطانوی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ افغانستان سے امریکی انخلا غلط ہے،القاعدہ واپس آجائے گی۔بین والیس نے پیش گوئی کی کہ امریکی انخلا سے القاعدہ کو فائدہ ہوگا جنہیں طالبان نے 11 ستمبر 2001 کے حملوں سے پہلے بھی افغانستان میں محفوظ پناہ دی تھی۔انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ امریکی فوجیوں کے انخلا کے فیصلے سے طالبان کو طاقت ملے گی جس کی وجہ سے مزید مشکلات بڑھ جائیں گی۔

برطانوی وزیر دفاع بین والیس کا مزید کہنا تھا کہ میں پریشان ہوں کہ ناکام ریاستیں اس قسم کے لوگوں کیلئے افزائش گاہیں ہیں جبکہ میں خبر دار کرتا ہوں کہ القاعدہ بالکل واپس آئے گی جو ہمارے اور ہمارے مفادات کیلئے خطرہ ہیں۔