مبشر صدیق نے لوگوں کو اپنے گاؤں اور گھر آنے سے کیوں روکا؟ اہم وجہ سامنے آگئی

سیالکوٹ(قدرت روزنامہ)ضلع سیالکوٹ کے چھوٹے سے گاؤں کنگڑا سے تعلق رکھنے والے ولاگر مبشر صدیق نے لوگوں سے التجا کرتے ہوئے کہا کہ خدا کا واسطہ ہے مجھ سے ملنے مت آئیں۔

کچھ عرصہ پہلے وہ جب مٹی کے برتنوں میں کھانا پکاتے اور کچے صحن میں مختلف پکوان پکاتے اور دیکھنے والے کو ان کی ترکیبیں سکھاتے مبشر صدیق اپنے مداحوں کی توجہ اور محبت کا شکریہ ادا کرتے نظر آتے تھے۔


لیکن اب اپنے یوٹیوب چینل پر تیس سیکنڈ کے مختصر سے کلپ میں وہ لوگوں سے التجا کرتے نظر آئے کے خدا کا واسطہ ہے مجھ سے ملنے مت آئیں۔

مبشر صدیق نے یوٹیوب پر ولیج فوڈ سیکریٹس کے نام سے ایک چینل شروع کیا تھا جس پر وہ دیہاتی پکوانوں کی تراکیب بتاتے تھے۔ سادہ سے کچے صحن اور کچن میں یا کھیتوں میں کھانے بناتے مبشر کے فالوور دیکھتے دیکھتے بڑھنے لگے، کچھ ہی عرصے میں وہ اتنے مقبول ہو گئے کہ اس چینل سے انھیں ماہانہ اچھی آمدنی بھی ہونے لگی۔

مبشر کی مقبولیت کے بعد ان کے بارے میں کئی خبر رساں اداروں میں چرچے بھی ہوئے تاہم اب وہ اپنی مداحوں سے ہاتھ جوڑ کر ان سے نہ ملنے کی اپیل کر رہے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے مبشر صدیق کا کہنا تھا میری تعلیم میٹرک ہے، اور وہ بھی میں نے تھرڈ ڈویژن میں کی ہوئی ہے اور میں ڈسٹرکٹ سیالکوٹ کے بالکل ایک چھوٹے سے گاؤں کا رہنے والا ہوں۔

مبشر اُس وقت تک اپنی شہرت اور کامیابی سے لطف اندوز ہوتے رہے جب تک ان کے مداح ان کے گاؤں کو دیکھنے اور ان سے ملنے ان کے گاؤں تک نہیں پہنچ گئے۔

مبشر صدیق کا کہنا ہے کہ کچھ خواتین یو ٹیوبر ان سے ملنے ان کے گھر گئیں جب وہ گھر پر نہیں تھے، تو وہ ان کے گھر کی خواتین کی ویڈیو خفیہ کیمروں سے بنا کر لے گئیں اور انہیں عام کر دیا۔

مبشر صدیق کا مزید کہنا تھا میں کسی کا نام نہیں لینا چاہتا۔ اگرچہ ان خاتون یو ٹیوبروں نے یہ ویڈیو میری درخواست پر اب ہٹا دی ہیں لیکن مستقبل میں ایسے حادثات سے بچنے کے لیے میں نے یہ معذرت کی تھی۔