پاک بحریہ کی جانب سے 74ویں یومِ آزادی کے موقع پر مختلف سرگرمیوں کا انعقاد

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کی جانب سے 74ویں یومِ آزادی کے موقع پر مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل چاک و چوبند دستے نے مزارِ قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے ، پاک بحریہ کے یونٹس میں پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کرنے کے علاوہ پاک بحریہ کے جہازوں اور یونٹس کو روایتی انداز میں سجایا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ جشنِ آزادی پر پاک بحریہ کے زیرِ اہتمام گوادر اور اورماڑا میں بوٹ ریلیز کا انعقاد ہوا ، یوم آزادی کی مناسبت سے پاک بحریہ کی جانب سے کرِیکس ایریا میں شجرکاری مہم کا اہتمام کیا گیا۔

اس کے علاوہ یوم آزادی کے موقع پر صدر مملکت کی جانب سے پاک بحریہ کے آفیسرز، سی پی او، سیلرز اور نیوی سویلینز کیلئے عسکری اور سول اعزازات کی منظوری بھی دی گئی۔