شہبازگل پر پولیس حراست میں تشدد کا معاملہ عالمی فورمز پر اٹھائیں گے، فواد چوہدری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)رہنما تحریکِ انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہباز گل پر پولیس حراست میں تشدد کا معاملہ عالمی فورمز پر اٹھائیں گے۔فواد چوہدری نے پولیس حراست کے دوران شہباز گِل پر ہونے والے تشدد سے متعلق سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا ہے۔


فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہباز گل پر حراست میں تشدد عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، شیریں مزاری کو ہدایات دی گئی ہیں کہ عالمی اداروں سے رجوع کریں۔
عمران خان کی مذمت
عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں گرفتاری کے دوران شہباز گِل پر ہونے والے تشدد کی مذمت کی ہے۔چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف، عمران خان نے کہا ہے کہ اگر شہباز گِل نے کوئی قانون توڑا ہے تو اسے صفائی پیش کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔
شہباز گِل کا عدالت میں بیان
آج دورانِ سماعت شہباز گِل کا عدالت کو بتانا تھا کہ مجھ پر تشدد کیا گیا ہے۔شہباز گِل نے قمیض اٹھا کر عدالت کو اپنی کمر دکھائی اور کہا کہ مجھے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے، میرا میڈیکل نہیں ہوا، سوچ بھی نہیں سکتا کہ افواجِ پاکستان کے بارے میں ایسی بات کروں گا، میں پروفیسر ہوں، مجرم نہیں ہوں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے شہباز گِل کے جسمانی ریمانڈ کی پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔