ممنوعہ فنڈنگ کیس؛ ایف آئی اے کو عمران اسماعیل کے خلاف کارروائی سے روک دیا گیا

کراچی(قدرت روزنامہ) سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سیما ضیا کے خلاف ایف آئی اے کو کارروائی سے روک دیا۔ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد ایف آئی اے کی انکوائری سے متعلق سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور سیما ضیاء کی درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف دیا کہ میرے موکلین کیخلاف جن 3 بینک اکاؤنٹس کی بنیاد پر انکوائری کی جارہی ہے وہ بند ہیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے جاری کیا گیا کال اپ نوٹس کالعدم قرار دیا جائے اور انکوائری ختم کی جائے۔ درخواست کے حتمی فیصلے تک ایف آئی اے کو کوئی بھی آرڈر جاری کرنے سے روکا جائے۔
عدالت نے ایف آئی اے کو تحقیقات جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سابق گورنر عمران اسماعیل اور سیما ضیا کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔ عدالت نے ایف آئی اے و دیگر اداروں سے 24 ستمبر کو جواب طلب کرلیا۔