سطح سمندر میں متوقع اضافے سے کئی شہر ڈوب سکتے ہیں، وزارتِ موسمیاتی تبدیلی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی آصف حیدر شاہ کا کہنا ہے کہ سمندر کی سطح 36 سے 50 سینٹی میٹر تک بڑھ سکتی ہے جس سےکچھ بڑے شہر پانی میں ڈوب کر ختم ہو سکتے ہیں . سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس سیمی ایزدی کی زیرِ صدارت ہوا .


نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرپرسن لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے اجلاس کو بریفنگ دی . اختر نواز نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں مون سون کی شدید بارشیں ہوئیں جبکہ شمالی علاقوں میں گلیشیئر پھٹنے کے 18 واقعات ہوئے .
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے محکمۂ موسمیات (پی ایم ڈی) کی پیش گوئی کے بعد، این ڈی ایم اے نے مون سون کے پہلے اسپیل کی تیاری کے لیے ایک کانفرنس بلائی . وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے سیکرٹری آصف حیدر شاہ نے کہا کہ 10 لاکھ لوگ دریاؤں کے کناروں پر رہتے ہیں اور نقل مکانی کے لیے تیار نہیں، جس کی وجہ سے بہت نقصان ہوا . انہوں نے کہا کہ اس معاملے سے جلد کابینہ کو آگاہ کیا جائے گا .
اُنہوں نے مزید کہا کہ پانی کی کمی اور سمندر کی سطح بلند ہو سکتی ہے جس سے کئی شہر ڈوب سکتے ہیں . انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کو وزارتِ آبی وسائل کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا . وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے بتایا کہ میٹ آفس پاکستان سول ایوی ایشن کے ماتحت کام کرتا ہے اور وہی اس حوالے سے وارننگز جاری کرتا ہے . اُنہوں نے مزید کہا کہ صوبوں میں ان مسائل پر منصوبہ بندی کا فقدان ہے .

. .

متعلقہ خبریں