عمران خان کا شہباز گِل کے بیان سے اظہارِ لاتعلقی

لاہور (قدرت روزنامہ)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی شہباز گِل کے بغاوت پر مبنی بیان سے لاتعلقی اختیار کرلی . عمران خان نے لاہور میں صحافیوں اور شوبز شخصیات سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ٹی وی چینل پر شہباز گِل کی گفتگو میں ایک جملہ قابلِ اعتراض تھا، شہباز گِل کو ایسے نہیں کہنا چاہیے تھا .


علاوہ ازیں عمران خان نے پنجاب حکومت کو 25 مئی کے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی ہے .
سابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچیس مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن لیا جائے، جنہوں نے ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں ان سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا . عمران خان کا کہنا تھا کہ پوری قوم حقیقت دیکھ رہی ہے، امپورٹڈ حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے .
اس سے پہلے لاہور ہائی کورٹ میں (ن) لیگ کے رہنماؤں عطا تارڑ، رانا مشہود اور ملک احمد خان نے درخواست میں کہا تھا کہ پولیس ہراساں کرنے کے لیے چھاپے مار رہی ہے . کیسز کی تفصیل بھی نہیں دی جا رہی . لاہور ہائی کورٹ نے پولیس کو (ن) لیگی رہنماؤں کو ہراساں کرنے سے روک دیا .

. .

متعلقہ خبریں