اب باکسنگ رِنگ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں، باکسر عامر خان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ ان کا اب باکسنگ رنگ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔عامرخان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ اگر اُنہیں ’باکسنگ رنگ‘ میں واپسی کے لیے اچھی خاصی رقم کی پیشکش بھی کی جائے تو بھی ان کا اب کھیلوں کی جانب واپسی کا ارادہ نہیں ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ’عام طور پر میں باکسنگ رنگ میں چلتے ہوئے گھبرا جاتا تھا، لیکن اس بار مجھےایسا کچھ محسوس نہیں ہوا، میں صرف اپنی فائٹ ختم کرنا چاہتا تھا اور باکسنگ رنگ سے باہر نکلنا چاہتا تھا‘۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ’آپ لوگ مجھے غلط نہ سمجھیں لیکن ایمانداری کے ساتھ بات کروں تو اگر میں نے اسی طرح باکسنگ کو جاری رکھا تو بہت جلد میں کھیلوں کے لیے اپنی محبت کھو دوں گا‘۔
باکسر عامر خان نے کہا کہ’میں بطور فائٹر اب باکسنگ کیریئر کو برقرار نہیں رکھ سکتا‘۔اُنہوں نے کہا کہ’باکسنگ دنیا کے مشکل ترین کھیلوں میں سے ایک ہے، باکسنگ سے دور رہنا میرے لیےمشکل تھا لیکن جو کچھ میں نے خود میں محسوس کیا تو اس سے مجھے لگا کہ اب الوداع کہنے کا وقت آگیا‘۔خیال رہے کہ برطانیہ کے سابق لائٹ ویلٹر ویٹ ورلڈ چیمپئن نے رواں سال مئی میں باکسنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔