سیمنٹ سیکٹر میں اربوں کی جعلی سیلز ٹیکس سپلائیز کا انکشاف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی ٹیکس محتسب نے سیمنٹ سیکٹر میں بڑی پیمانے پر جعلی سیلز ٹیکس سپلائیز کے اربوں روپے مالیت کے بڑے اسکینڈل کا سراغ لگالیا۔وفاقی ٹیکس محتسب نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو نہ صرف سیمنٹ سیکٹر بلکہ شوگر ،اسٹیل، سگریٹ، مشروبات اور کھاد سمیت بھاری ٹرن اوور کے حامل دیگر شعبوں کی جامع تحقیقات کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
وفاقی ٹیکس محتسب آفس کے مطابق سیمنٹ ریٹیلرز کی جانب سے دائر شکایت پر تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ سیمنٹ کے دو بڑے سپلائرز نے اپنے سیلز ٹیکس گوشوارے جمع کرواتے وقت شکایت کنندہ رٹیلرز کو سیمنٹ کی بھاری سپلائی ظاہر کی تھی جسے شکایت کنندہ نے مسترد کردیا اور موقف اپنایا کہ سپلائرز کی جانب سے جو سپلائی ظاہر کی جارہی ہے وہ سیمنٹ سپلائی نہیں ہوا۔
شکایت کنندہ نے سپلائرز کی جانب سے ظاہر کردہ جعلی سیلز ٹیکس سپلائی کے کیس کی اطلاع متعلقہ ریجنل ٹیکس آفس ایبٹ آباد کو دی گئی مگر متعلقہ آرٹی او کی جانب سے آئی آر آئی ایس کے ایم آئی ایس ریکارڈ سے ان جعلی سیلز ٹیکس سپلائز کے اندراج کو ختم کرنے کیلئے کوئی کاروائی نہیں کی گئی جس پر متاثرہ سیمنٹ رٹیلرز نے وفاقی ٹیکس محتسب کو درخواست دیدی۔
وفاقی ٹیکس محتسب آفس کے مطابق تحقیقات کے دوران آر ٹی او کی طرف سے بتایا گیا کہ رجسٹرڈ شخص نے شکایت کنندہ کو غیر رجسٹرڈ خریدار کے طور پر سیمنٹ سیل کیا ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی ٹیکس محتسب نے ڈائریکٹر جنرل اینٹلی جننس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کو نہ صرف سیمنٹ سیکٹڑ بلکہ شوگر ، سٹیل، سگریٹ، مشروبات اور کھاد سمیت بھاری ٹرن اوور کے حامل دیگر شعبوں کی جامع تحقیقات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔