یو ایس ایڈ پاکستان کو ایک لاکھ ڈالر کی امداد دے گا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ یو ایس ایڈ پاکستان کو ایک لاکھ ڈالر کی امداد دے گا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انسانی امداد کی ضرورت کا ڈکلئیریشن جاری کیا۔میرے ڈیکلئیریشن کے جواب میں یو ایس ایڈ متاثرہ آبادی کو ایک لاکھ ڈالر کی امداد دے گا۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ امریکہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑا ہے۔
یو ایس ایڈ سیلاب سے متاثرہ افراد کو ایک لاکھ ڈالر فراہم کرے گا، پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔پاکستان میں سیلاب کے باعث لوگوں کو بے روزگاری کا سامنا ہو رہا ہے ۔انسانی امداد کی کوششوں میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ پسماندہ اور متاثرہ طبقات کے لیے فوری ضرورت کی اشیاء فراہم کرے گا۔
دوسری جانب قدرتی آفات میں قوم کی خدمت میں پیش پیش پاک فضائیہ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی امدادی سرگرمیوں میں مصروفِ عمل ہے۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی خصوصی ہدایت پر پاک فضائیہ کے بیسز سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشنز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ ضرورت مند خاندانوں تک اشیا ضروریہ پہنچا رہی ہے جن کے گھر قدرتی آفت میں تباہ ہوئے ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ پاک فضائیہ کی جانب سی41 خیمے اور 12000 کلو گرام بنیادی اشیائے خوردونوش اور اجناس بھی ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ پاک فضائیہ کی پیرامیڈیکل ٹیم نے 410 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔
