وزیرِاعظم کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید کورکمانڈرلیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی کے گھر آمد

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ ہو یا کوئی قدرتی آفت پاک فوج ہمیشہ محافظ بن کرمیدان میں اتری، وزیرِاعظم نے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید کورکمانڈرلیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی کے گھر جاکر اہلِخانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔ پی ٹی وی نیوز کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف نے لسبیلہ بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے کور کمانڈر 12 کور، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کے گھر اظہار تعزیت کیلئے گئے۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیرِ اعظم نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کے لئے فاتحہ کی اور اُنکے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں۔ پاک فوج کے افسران و جوانوں نے اس وطن کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرنے سے کبھی دریغ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ ہو یا کوئی قدرتی آفت، پاک فوج کے جوان و افسران ہمیشہ قوم کے محافظ بن کر میدان میں اترے ہیں۔ مجھ سمیت پوری قوم اپنے شہداء کی ان قربانیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ وزیرِ اعظم اس سے پہلے 14 اگست کو میجر طلحہ منان شہید کے گھر انکے اہلِ خانہ سے تعزیت کیلئے بھی گئے تھے۔واضح رہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران شہید ہوئے۔
لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی نماز جنازہ کوئٹہ اور راولپنڈی میں ادا کی گئی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ،پاک فوج کے افسران و جوانوں نے شرکت کی اور خراج عقیدت پیش کیا۔ بعدازاں شہید کو پوری فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ۔ عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین نے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی نمازِ جنازہ میں شرکت بھی کی۔
شرکت کرنے والوں میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر اور مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، صدر تحریک انصاف خیبرپختونخوا پرویز خٹک، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عامر کیانی اور سینیٹر شبلی فراز سمیت دیگر شامل تھے۔ قبل ازیں آرمی چیف نے کوئٹہ میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور بریگیڈیئر محمد خالد شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان ،گورنر اور اعلی فوجی اور سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ لسبیلہ میں وندر کے قریب موسیٰ گوٹھ سے ملا۔ حادثے میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران شہید ہوئے۔

WhatsApp
Get Alert