لبنان میں ایندھن کا ٹینک پھٹنے سے خوفناک دھماکا، 20 افراد ہلاک

بیروت (قدرت روزنامہ) لبنان کے شہر آکار میں ایندھن سے بھرا ٹینک پھٹنے سے کم از کم 20 افراد ہلاک جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایندھن دھماکے کے باعث متعدد ہلاکتوں کی وجہ سے لبنان کے شہر آکار کے ہسپتالوں میں قیامت صغریٰ کا عالم ہے۔ لوگ اپنے پیاروں کی تلاش میں دیوانہ وار مارے مارے پھر رہے ہیں۔
ریڈ کراس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس افسوسناک حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کرکے زخمیوں اور ہلاک افراد کی لاشوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس وقت 80 سے زائد شہری بری طرح جھلس کر زخمی ہو چکے ہیں جبکہ 20 ہلاک ہیں۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ لبنان ان دنوں شدید معاشی بحران کا شکار ہے۔ پورے ملک میں ایندھن کی کمی ہو چکی ہے۔ ہسپتالوں کو بھی اپنے معاملات چلانے کیلئے فیول نہیں مل رہا۔ ڈاکٹرز نے حکومت سے التجا کی ہے کہ وہ ایندھن کی فراہمی یقینی بنائے ورنہ مجبوراً ہسپتالوں کو بند کرنا پڑے گا۔
رائٹرز نے باوثوق ملٹری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فوج نے اپنی ضرورت کے پیش نظر ایندھن کا یہ ٹینک زیر زمین چھپایا ہوا تھا۔ رہائشی علاقے میں فیول ٹینک میں دھماکے کی وجہ سے انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔صورتحال کے پیش نظر آکارا شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے لیکن بنیادی سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے ڈاکٹرز مریضوں کا ٹھیک طرح سے علاج نہیں ہو پا رہا ہے۔