خلل دور، انٹرنیٹ سروس بحال

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک کے مختلف علاقوں میں خلل دور کرنے کے بعد انٹرنیٹ سروس بحال کر دی گئی ہے۔پی ٹی سی ایل کے ترجمان کے مطابق ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل رہی۔
ترجمان پی ٹی سی ایل نے بتایا ہے کہ مختلف مقامات پر آپٹیکل فائبر کٹنے سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی تھی، پی ٹی سی ایل کی ٹیمز نے کٹ کی نشاندہی کر کے خرابی دور کر دی۔
مختلف شہروں میں انٹرنیٹ اسپیڈ اب بھی ڈاؤن
دوسری جانب فائبر آپٹک کی مرمت کا دعویٰ سامنے آنے کے باوجود مختلف شہروں میں انٹرنیٹ اسپیڈ اب بھی ڈاؤن ہے۔صارفین کا کہنا ہے کہ مختلف بینک برانچز اور دفاتر میں کام سست روی کا شکار ہے۔ٹیلی کام ذرائع کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں پی ٹی سی ایل کی کیبل میں فالٹ مکمل دور نہیں ہوا ہے۔
انڈسٹری ذرائع نے شکایت کی ہے کہ مرمت کا کام انتہائی سست روی کا شکار ہے، پی ٹی سی ایل فائبر آپٹک کا سارا ٹریفک ٹی ڈبلیو اے کیبل پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
انڈسٹری ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ٹی ڈبلیو اے کیبل کی گنجائش کم ہے اس لیے انٹرنیٹ کی اسپیڈ کا مسئلہ حل نہیں ہو رہا۔پی ٹی سی ایل کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مرمت مکمل کر لی، انٹر نیٹ کی اسپیڈ سست ہو سکتی ہے لیکن کیبل فعال ہے۔