بارش کے موسم میں بھی 10 سے 14 گھنٹے لوڈ شیڈنگ، شہری کے الیکٹرک کے خلاف دھرنا دینے پر مجبور
کراچی(قدرت روزنامہ) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بجلی کی عدم فراہمی پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی میں رات گئے علاقہ مکینوں نے کے الیکٹرک آفس کے سامنے دھرنا دیا، قائد آباد، داؤد چورنگی اور ملیر معین آباد میں بھی بجلی کے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آئے۔
کراچی میں بارش کے موسم میں بھی 10 سے 14 گھنٹے لوڈ شیڈنگ نے بجلی کے ستائے شہریوں کو دھرنا دینے پر مجبور کر دیا، احتجاج کے دوران مظاہرین نے کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔قائد آباد داؤد چورنگی کے قریب بجلی کی بندش کے خلاف مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک پر ٹائر جلائے اور سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ رات 11 سے صبح 5 بجے تک لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہتا ہے، جس نے ہماری زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
احتجاج کے دوران نارتھ کراچی سیکٹر فائیو سی 2،3، سیکٹر الیون سی ون، ٹو میں لوڈ شیڈنگ کی جا رہی تھی، لیاری، رامسوامی، لانڈھی، ملیر، معین آباد، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد میں بھی بجلی بند رہی۔کورنگی، لیاقت آباد، پاک کالونی، پی ای سی ایچ ایس، کلفٹن، ڈی ایچ اے، قیوم آباد اور بھٹائی کالونی میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔