وسیم اکرم نے بابر اعظم کا موازنہ ویرات کوہلی سے کرنا قبل از وقت قرار دے دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کا موازنہ ویرات کوہلی سے کرنا قبل ازوقت ہوگا . غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے غیر ملکی اسپورٹس پروگرام میں شرکت کی جس میں انہوں نے ویرات کوہلی اور بابر اعظم سے متعلق گفتگو کی ہے .


پروگرام میں ان کے ہمراہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ روی شاستری بھی شریک تھے جن سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ بابر اعظم کی کارکردگی میں تسلسل ہے کیونکہ ان کی تکنیک درست ہے .


انہوں نے کہا کہ بابر اعظم رنز کے بھوکے ہیں اور بالکل فٹ بھی ہیں جب کہ وہ کوہلی بننے کے لیے بھی صحیح ٹریک پر ہیں لیکن ابھی ان کا ویرات کوہلی سے موازنہ کرنا قبل از وقت ہوگا .
ویرات کوہلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ ان کے مداح اور میڈیا ویرات کوہلی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر غیر مناسب تنقید کررہے ہیں .
انہوں نے کہا کہ کوہلی صرف اس دور کے نہیں بلکہ ہر دور کے بڑے کھلاڑی ہیں، وہ بالکل فٹ ہیں اور بھارتی اسکواڈ میں اب بہترین فیلڈرز میں سے ایک ہیں .
واضح رہے کہ ویرات کوہلی اپنے کیریئر کے سب سے مشکل دور سے گزر رہے ہیں جب کہ انہیں سینچری اسکور کیے دو سال سے بھی زائد کا عرصہ گزر چکا ہے .

. .

متعلقہ خبریں