الیکشن کمیشن نے کراچی میں ایک بار پھر بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیے

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی ڈویژن میں رواں ماہ 28 اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی کر دیے گئے۔حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کل ملتوی کیے جا چکے ہیں۔کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق آج چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق 6 اہم اداروں سے فوری رپورٹ لینے کی ہدایت کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن کو سیکریٹری داخلہ، چیف سیکریٹری سندھ، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز، صوبائی الیکشن کمشنر اور محکمۂ موسمیات سے رپورٹ لینے کی ہدایت جاری کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران محکمۂ موسمیات سے موسم کی صورتحال سے متعلق بھی رپورٹ مانگی گئی۔ذرائع کے مطابق پاک فوج، رینجرز، پولیس و دیگر ادارے دیہی سندھ میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، پولنگ سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کام کتنا متاثر ہوں گے، اس سے متعلق بھی سیکیورٹی اداروں سے رپورٹ طلب کی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن کا اجلاس 12 بجے بریک کے بعد دوبارہ 2 بجے شروع ہوا جس میں بلدیاتی الیکشن کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی میں گزشتہ ماہ 24 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات بارشوں کے سبب ملتوی کر دیے گئے تھے۔
الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز حیدرآباد کے 9 اضلاع میں بارشوں اور سیلابی صورتِ حال کے پیشِ نظر بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے تحت 28 اگست کو ہونے والی پولنگ منسوخ کر دی تھی۔