خواجہ اظہار نے ’حل صرف جماعت اسلامی‘ کا نعرہ لگا دیا
کراچی (قدرت روزنامہ)ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما خواجہ اظہار نے بھی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جماعت اسلامی کا زبان زدِ عام نعرہ ’حل صرف جماعت اسلامی‘ لگا دیا۔سندھ ہائی کورٹ میں آج سیاسی حریفوں کے درمیان ایک دلچسپ ملاقات ہوئی ۔
عدالت میں موجود ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما خواجہ اظہار الحسن نے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کو دیکھتے ہی ’ حل صرف جماعت اسلامی‘ کی آواز لگائی۔
خواجہ اظہار کی جانب سے لگائی جانے والی آواز کے جواب میں حافظ نعیم الرحمٰن نے آگے بڑھ کر انہیں گلے لگایا ۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان میں خوشگوار ماحول میں گفتگو بھی ہوئی۔واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ایک بار ملتوی ہوجانے کے بعد اب 28 اگست کو شیڈول ہے۔