’اسلام آباد ائیرپورٹ کی انتظامیہ قطر کےحوالےکی جائےگی‘

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم میاں شہبازشریف کے دورہ قطر کے دوران ایوی ایشن شعبہ میں بڑی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق قطرحکومت ائیرپورٹ اور ہوٹل شعبےمیں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی انتظامیہ قطر کےحوالےکی جائےگی۔
ائیرپورٹ ٹرمینل اور کارگو خدمات قطر پولنگ کمپنی مہیا کرےگی جب کہ روزویلٹ ہوٹل میں سرمایہ کاری کےعوض حصص قطرکودیے جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری حکومت ٹو حکومت معاہدوں کے تحت کی جائےگی۔
قطر نے پاکستان میں 3 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔اس حوالے سے ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا کہ قطر پاکستان میں مختلف شعبوں میں 3 ارب ڈالر کی فوری سرمایہ کاری پر آمادہ ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ قطر نے کراچی اوراسلام آباد ائیرپورٹس پر سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔وزارت خزانہ نے مزید کہا کہ قطرکی سرمایہ کار اتھارٹی کم سے کم وقت میں سرمایہ کاری کو یقینی بنائے گی۔