شاعری چرانے کا الزام، امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ پر 1 ملین ڈالرز ہرجانے کا مقدمہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کو 1 ملین ڈالرز کے کاپی رائٹ کے ایک نئے مقدمے کا سامنا ہے۔ٹیلر سوئفٹ کے خلاف مصنفہ ٹریسا لا ڈارٹ نے 23 اگست کو ٹینیسی کی ایک وفاقی عدالت میں ایک شکایت درج کروائی ہے۔
ٹریسا لا ڈارٹ نے ٹیلر سوئفٹ پر 1 ملین ڈالرز سے زیادہ کا مقدمہ کیا ہے اور الزام لگایا ہے کہ گلوکارہ نے 2019ء میں ریلیز ہونے والے البم ’لوور‘ کے لیے ان کی 2010ء میں شائع ہونے والی شاعری کی کتاب ’لوور‘ سے مواد کاپی کیا ہے۔
مقدمے میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ ناصرف گلوکارہ کے البم کا عنوان ان کی شاعری کی کتاب سے ملتا ہے بلکہ کانٹینٹ بھی ایک جیسا ہی ہے۔لا ڈارٹ نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ گلوکارہ نے اپنے البم کے لیے جو گرافکس اسٹائل اور تھیم استعمال کی ہے وہ بھی ان کی کتاب سے بہت ملتی جلتی ہے، جسے یہ کہہ کر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ یہ محض اتفاق ہے۔
واضح رہے کہ ٹیلر سوئفٹ مبینہ طور پر اس سے پہلے بھی اپنے 2014ء میں ریلیز ہونے والے ایک مقبول گانے ’شیک اِٹ آف‘ کی وجہ سے کاپی رائٹ کے ایک مقدمے کا سامنا کر رہی ہیں۔