سیلاب متاثرین کیلئے وزیرِ اعلیٰ سندھ کا ’ٹینٹ سٹی‘ بنانے کا فیصلہ

کراچی (قدرت روزنامہ)وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین نے روڈ پر رہنا شروع کر دیا ہے، ہم ٹینٹ سٹی بھی بنائیں گے اور کچھ دیہات میں بھی تقسیم کریں گے۔وزیرِ اعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت بارشوں اور سیلابی صورتِ حال کے پیشِ نظر ایمرجنسی اور ریلیف سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران سیلاب اور بارشوں کے سبب ہونے والے نقصانات کا سروے، ریلیف کے کاموں اور متاثرین کی بحالی پر غور کیا گیا۔اس دوران وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے کے کافی اضلاع کا دورہ کیا، کچے مکانات تباہ ہو گئے ہیں، فصلیں تباہ ہیں، روڈ، سڑکیں، سرکاری عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت، انجینئرنگ کور اور کور فائیو کے متعلقہ نمائندے نقصانات کا سروے کریں، نقصانات کا تخمینہ یونین کونسل کے ذریعے لگایا جائے، یوسی لیول پر نقصانات کا جو سروے ہوگا ڈی سی کے پاس اس کا ریکارڈ بنے گا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ متاثرین کو ضروری سامان مہیا کیا جائے، پی ڈی ایم اے نے 1 لاکھ 86 ہزار خیموں کا آرڈر دیا ہے، کور فائیو ہمیں خیمے کی خریداری میں مدد کرے، فنڈز ہم دیں گے۔اُن کا کہنا تھا کہ پانی کی نکاسی کے لیے ضروری مشینری کا ضلعی لیول پر بندوبست ہو رہا ہے۔اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ کور فائیو اشیاء کو تقسیم کرنے میں سندھ حکومت کی مدد کرے گی۔