اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مریم نواز، رانا ثنا اللہ، مولانا فضل الرحمان اور دیگر کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی . تفصیلات کے مطابق مقامی وکیل علی اعجازبٹرنے اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی .
ن لیگ کے رہ نماؤں عطا اللہ تارڑ اور مریم اورنگ زیب کو بھی توہین عدالت درخواست میں فریق بنایا گیا ہے .
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا کہ مریم نواز اور دیگر کو پاکستان کے اداروں اور عدلیہ کا احترام نہیں . بدقسمتی سے یہ لوگ حکومتی معاملات بھی چلا رہے ہیں .
دائر درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا کہ فریقین نے اعلی عدلیہ کے ججز کے بارے میں بار بار توہین آمیز زبان استعمال کی . ان بیانات کے ذریعے نظام انصاف کی ساکھ پر سوال اٹھا کرعوام کا عدلیہ سے اعتماد اٹھانے کی کوشش کی گئی .
مقامی وکیل علی اعجازبٹرنے درخواست کے ساتھ مریم نواز کی 25 جولائی کی پریس کانفرنس کا ٹرانسکرپٹ بھی جمع کرایا . وکیل نے درخواست میں استدعا کی کہ چیئرمین پیمرا کو عدلیہ کے خلاف پریس کانفرنسز کا ٹرانسکرپٹ جمع کرانے کی ہدایت کی جائے اورمریم نواز اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے .