ایئروائس مارشل اورنگزیب احمد پاک فضائیہ کے نئے ترجمان مقرر
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کو پاک فضائیہ کا ترجمان مقرر کردیا گیا ہے۔ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کو ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (پاک فضائیہ) تعینات کردیا گیا، انہوں نے دسمبر 1992 میں پاک فضائیہ کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔
پاک فضائیہ کے ترجمان نے بتایا کہ ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد فائٹر اسکواڈرن اور ایک آپریشنل ایئر بیس کی کمانڈ کر چکے ہیں جبکہ یہ ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں بطور اسسٹنٹ چیف آف دی ائیر اسٹاف (آپریشنل ریکوائرمنٹس اینڈ ڈویلپمنٹ) بھی تعینات رہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر آفیسر نے چین سے ملٹری آرٹس اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد سے نیشنل سیکیورٹی اینڈ واراسٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں ڈائریکٹنگ اسٹاف اور فیکلٹی ممبر کے طور پر خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ نے مزید کہا کہ آپ سعودی عرب میں پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس ٹیم کے کنٹیجنٹ کمانڈر کی حیثیت سے بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں، آپ کو پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری) کےاعزاز سے نوازا جاچکا ہے۔