گلے کے درد کا مؤثر گھریلو علاج کیا ہے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گلے کی خراش کو گلے کی سوزش بھی کہا جاتا ہے جو کہ ایک عام موسمی بیماری ہے، جو موسم بدلنے کی وجہ سے کسی کو بھی لاحق ہو سکتی ہے۔
اگر کوئی ایسی چیز کھا لی جائے جو بہت زیادہ ٹھنڈی یا گرم ہو تو پھر بھی گلے کی خراش کے خطرات بڑھ جاتے ہیں، اس کے علاوہ وائرل یا بیکٹیریل انفیکشن، سگریٹ نوشی، معدے کی تیزابیت، اور خشک ہوا بھی گلے کی خراش کی وجہ بن سکتی ہے۔
گلے کی خراش کو خطرناک طبی علامت تو نہیں سمجھا جاتا، لیکن اس کی وجہ سے بے چینی اور تکلیف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس علامت کا شکار افراد کو بولنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ کچھ کھانے یا پینے کے دوران بھی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم اس مرض سے چھٹکارا پانا بہت آسان ہے۔
گلے کے درد کا علاج ہلدی سے ممکن ہوسکتا ہے؟
جی ہاں، گلے کے درد کا گھریلو علاج ہلدی سے ممکن ہوسکتا ہے، حکیمی طریق علاج کی ماہر ڈاکٹر ڈکسا بھوسر نے اپنی حالیہ انسٹا گرام پوسٹ میں لکھا کہ ’ہلدی اپنی شفا بخش خصوصیات کی وجہ سے کچن اور حکیمی دواخانوں میں زیادہ استعمال ہونے والے مصالحہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہلدی اپنے ذائقے میں کڑوی اور تلخ ہے جبکہ اس کی تاثیر گرم ہے، گرم ہونے کی وجہ سے یہ خشکی کو کم کرتی ہے جبکہ اس کی تلخی کسی حد تک جسم میں چکناہٹ کو کم کرتی ہے۔


انہوں نے کہا کہ ہم ہلدی کو کھانے میں اس لیے استعمال کرتے ہیں کیونکہ یہ نزلہ، کھانسی، گلے کی سوزش، زخم بھرنے، ذیابیطس، جسم کے درد، قوت مدافعت میں اضافے اور دیگر بیماریوں کے علاج میں مؤثر کردار ادا کرتی ہے۔
گلے کا درد کے لیے ہلدی کے تین آسان اور مؤثر استعمالات:
ہلدی کے پانی سے غرارے:
ایک گلاس پانی میں ایک چمچ ہلدی ڈال کر تین سے پانچ منٹ تک ابالیں اور اس پانی سے دن میں تین بار غرارے کریں۔
ہلدی، کالی مرچ اور شہد کا مکسچر:
ایک چمچ ہلدی، ایک چمچ کالی مرچ اور ایک چمچ شہد مکس کر کے اس مرکب کو دن میں دو سے تین مرتبہ کھانے سے ایک گھنٹہ قبل یا بعد استعمال کریں۔
سونے کے وقت ہلدی ملا دودھ:
سونے سے پہلے دودھ میں ہلدی ملا کراستعمال کرنا گلے کو سکون دیتا ہے، اس مقصد کے لیے گائے کا دودھ بہترین انتخاب ہے۔
گھریلو علاج کے ان طریقوں کے علاوہ یہ مشورہ بھی دیا جاتا ہے کہ آپ اپنے گلے کو نرم رکھنے کے لیے پانی اور صحت بخش مشروبات پیئیں۔ فضائی آلودگی یا دیگر ایسی چیزوں سے بچیں جو گلے میں درد کا سبب بن سکتی ہیں۔