ڈالر کے انٹربینک نرخ 219 اور اوپن ریٹ 229 سے زائد ہوگئے

کراچی(قدرت روزنامہ) قطر کی جانب سے تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی اور دو ارب ڈالر کی مالی اعانت سے متعلق ابہام اور ڈیمانڈ برقرار رہنے کے باعث جمعرات کو بھی زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی پرواز جاری رہی جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 219 روپے سے بھی تجاوز کرگئے۔
انٹربینک مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے سبب کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر ڈالر کی قدر 219.64 روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم اختتامی لمحات میں ڈیمانڈ قدرے گھٹنے سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 1.04 روپے کے اضافے سے 219.41 روپے کی سطح پر بند ہوئے۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 50 پیسے کے اضافے سے 229.50 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔
ماہرین کے مطابق اشیائے تعیش کی درآمدات پر پابندی کے باوجود کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس نہ ہونے سے بھی زرمبادلہ کی مارکیٹوں میں رواں ہفتے روپے کی قدر پر دباؤ بڑھتا جارہا ہے جبکہ حال ہی میں قطر کی جانب سے پاکستان کے لیے دو ارب ڈالر کی نقد مالی اعانت کی بات کی گئی تھی لیکن وزیراعظم کے دورہ قطر میں اب قطر کی جانب سے پاکستان کے مختلف شعبوں میں 3ارب ڈالر کی سرمایہ کاری دلچسپی سامنے آئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ لہذا یہ بات واضح نہیں ہے کہ آیا قطر کی جانب سے دو ارب ڈالر کے ڈپازٹس تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں شامل ہیں یا اس کے علاوہ ہیں۔ اس بارے میں حکومت کو فوری وضاحت کرنے کی ضرورت ہے تاکہ زرمبادلہ کی مارکیٹوں میں اس ابہام کا خاتمہ ہو۔ماہرین کو توقع ہے کہ آئندہ ہفتے کے آغاز پر آئی ایم ایف بورڈ اجلاس میں پاکستان کے لیے قرض پروگرام کی بحالی اور 1.2 ارب ڈالر کی قسط جاری ہوتے ہی ڈالر دوبارہ تنزلی سے دوچار ہوجائے گا۔