ریاست کی جانب سے اب تک نظر انداز پاکستانی میری ترجیح ہیں ، وزیر اعظم
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست کی جانب سے اب تک نظر انداز کیے گئے پاکستانی میری ترجیح ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک سائیکل پر کچرا اکٹھا کرنے والے بچے کی تصویر شیئر کی ، اس کے ساتھ عنوان میں انہوں نے لکھا کہ انشا اللہ یہی پاکستانی میری ترجیح ہیں جنہیں ہماری ریاست نے اب تک نظر انداز کیا ہے۔
انشاءاللہ یہی پاکستانی تو میری ترجیح ہیں جنہیں ہماری ریاست نے اب تک نظرانداز کیا ہے۔ pic.twitter.com/2oixgVdQnf
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 15, 2021
اس سے پہلے وزیر اعظم عمران خان نے صوبہ خیبر پختونخوا کو سرسبز بنانے کی کوششوں پر پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ، اپنے ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ایبٹ آباد کے علاقے جدکر بانڈہ بدلینڈ سائٹ کو پاکستان گرین مہم کا حصہ بنایا گیا ہے ، وزیراعظم نے خیبر پختونخوا حکومت کو 10 بلین ٹری سونامی ہدف کے حصول کی دوڑ میں سب سے آگے بڑھنے پر مبارکباد پیش کی ، اس دوران عمران خان نے جدکر بانڈہ بدلینڈ سائٹ کی پرانی اور نئی تصاویر بھی شیئر کیں ، جن میں بنجر نظر آنے والی جگہ بعد ازاں پودوں سے بھری نظر آرہی ہے۔
پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کے حوالے سے ایبٹ آباد میں کی جانے والی کاوشیں جڈکر بنڈہ بیڈلینڈ کے مناظر میں واضح ہیں۔ #10BillionTreeTsunami کے ہدف کے حصول کی دوڑ میں آگے نکلنے پر خیبرپختونخوا مبارکباد کامستحق ہے۔ pic.twitter.com/xkniMtmk1s
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 15, 2021
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کی ’گرین پاکستان مہم‘ کا حصہ بنتے ہوئے پاکستانیوں نے صرف ایک منٹ میں سب سے زیادہ پودے لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا ، گوجرانوالہ کے طلباء نے ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگا کر بھارت کا 37 ہزاد پودے لگانے کا ریکارڈ توڑدیا ، یہ ریکارڈ صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں بناگیا جہاں سرکاری اسکولوں کے ساڑھے 12 ہزار طالب علموں نے پودے لگانے کی اس مہم میں حصہ لیا ، طالب علموں کے ساتھ 600 ٹیچرز اور 6 ہزار ضلعی انتظامیہ کے عملے نے بھی پودے لگائے۔
بتایا گیا ہے کہ 50 ہزار پودے اندرون شہر جی ٹی روڈ کی گرین بیلٹ پر لگائے گئے اور ریکارڈ ساز کارنامے کے بعد سائرن بھی بجائے گئے جب کہ عالمی ریکارڈ بنانے کی مہم کے آغاز سے پہلے قومی ترانہ بھی بجایا گیا ، اس تقریب میں وزیراعظم عمران خان کے مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے بھی شرکت کی۔