مون سون سسٹم سندھ کیلئے تقریباً ختم ہوگیا، چیف میٹرولوجسٹ

کراچی (قدرت روزنامہ)چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مون سون سسٹم کمزور ہوچکا ہے اور سندھ کے لیے یہ تقریباً ختم ہو چکا ہے۔سردار سرفراز نے بتایا کہ جیکب آباد، لاڑکانہ، قمبر، شہداد کوٹ اور سکھر میں کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے شمال مشرق میں بھی آج بارش ہوسکتی ہے، جبکہ بلوچستان کے شمال مشرقی حصے میں کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ ستمبر کے وسط تک مون سون رہے گا، ستمبر میں مزید مون سون سسٹم بن سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 29 اور 30 اگست کے درمیان بحیرۂ عرب میں ایک سرکولیشن بن سکتی ہے، بحیرۂ عرب میں بننے والی سرکولیشن کے باعث غیر معمولی بارشوں کا امکان نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سسٹم کے زیر اثر سندھ کے مختلف اضلاع میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ دنیا بھر میں موسم کے پیٹرن تبدیل ہوگئے ہیں، پاکستان میں مون سون بیلٹ میں اضافہ ہوگیا ہے، بلوچستان، افغانستان اور سعودی عرب تک مون سون ہوائیں جا رہی ہیں۔
سردارسرفراز کاکہنا تھا کہ آج بھی کوئٹہ میں معتدل سے تیز بارش کا امکان ہے جبکہ زیارت، سبی، کوہلو میں بھی آج تیز بارش ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں مون سون سسٹم کافی مضبوط تھا، افغانستان میں بھی اس سسٹم کے زیر اثر بارش ہوئی ہے۔