بی جے پی رہنما و اداکارہ سونالی فوگت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اہم انکشافات

ممبئی (قدرت روزنامہ)اداکارہ، بھارتیہ جنتا پارٹی کی رہنما اور ٹک ٹاکر سونالی فوگت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں اُن کے جسم پر تشدد کے کئی نشانات کا انکشاف ہوا ہے۔بھارتی ویب سائٹ ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق سونالی فوگت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اُن کے جسم پر گہرے زخموں کے نشانات سمیت تشدد کے شواہد بھی ملے ہیں، سونالی کے جسم پر مکوں سے مارنے کے نشانات کا انکشاف ہوا ہے۔
سونالی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اُن کے جسم پر نکیلی چیز سے لگائی گئی چوٹ، مکے لگنے سے پڑنے والے نیل اور جسم پر تشدد کے کئی نشانات موجود ہیں، میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ سونالی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ ظاہر کرتی ہے کہ اُنہیں موت سے قبل تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سونالی کا پوسٹ مارٹم اداکارہ کی فیملی کی رضامندی کے بعد کرایا گیا تھا۔دوسری جانب سونالی فوگت کے بھائی رنکو کی مدعیت میں اداکارہ کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اداکارہ کے بھائی رنکو ڈھاکا کی جانب سے سونالی فوگت کے ملازم اور دوست پر قتل کا الزام لگایا گیا تھا۔
رنکو کا کہنا تھا کہ میری بہن کے پرسنل سیکریٹری سدھیر اور اُن کے دوست سکھویندر نے سونالی کو پہلے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر زہر دے کر قتل کیا ہے۔سونالی فوگت کے بھائی نے دعویٰ کیا تھا کہ 2 سے 3 برسوں سے میری بہن کو نشے والی چیزیں دی جا رہی تھیں اور نشے کی حالت میں بہن کی ویڈیوز بنا کر اُنہیں بلیک میل بھی کیا جاتا رہا۔