کوہستان (قدرت روزنامہ)ضلع لوئر کوہستان کے علاقے سناگئی دوبیر میں5 دوست تین گھنٹے تک پھنسے رہنے کے بعد سیلابی ریلے میں بہہ گئے . علاقہ دوبیر کے لوگوں کا کہنا ہے کہ پانچوں دوست اچانک سیلابی ریلے کی زد میں آنے کے بعد ایک بلند پتھر پر چڑھ گئے اور تین گھنٹے تک وہ حسرت اور بے بسی کی تصویر بنے رہے .
پانچوں دوست امداد کا انتظار کرتے رہے مگر کوئی سرکاری ادارہ یا ریسکیو ٹیم نہیں پہنچی .
لوگوں کا کہنا تھا کہ اگر انتظامیہ چاہتی تو ایک گھنٹے میں پشاور یا گلگت سے ہیلی کاپٹر بھی پہنچ سکتا تھا مگر کوئی نہیں آیا تو مقامی افراد نے رسیوں کے ذریعے انہیں نکالنے کی آخر کوشش کی مگر وہ تیز موجوں کی نذر ہوگئے . ان میں سے صرف ایک نوجوان کو باہر نکال لیا گیا جبکہ ابھی تک صرف ایک ہی لاش مل سکی ہے .