سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے: وزیر اعظم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب کے بعد پہلی ترجیح ملک کے تمام حصوں کا رابطہ بحال کرنا تھی، سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر و بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر و بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پہلی ترجیح ملک کے تمام حصوں کا رابطہ بحال کرنا تھی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی خرم آغا، ڈی جی ایف ڈبلیو او میجرجنرل کمال اظفر اور ان کی ٹیمز لائقِ تحسین ہیں کہ قلیل مدت میں تمام بڑی شاہراہیں بشمول قراقرم ہائی وے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں۔


اس سے قبل انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی پر بھی ٹیم کو مبارکباد دی تھی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرہ جگہوں پر بجلی کی فراہمی یقیناً ایک بہت بڑا چیلنج تھا، سیکریٹری پاور ڈویژن اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں کہ جنہوں نے دن رات محنت کر کے بجلی کی بحالی کو یقینی بنایا۔