ایران اور افغانستان سے ٹماٹر اور پیاز کی آمد شروع، قیمتیں کم ہونے لگیں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں بدترین سیلاب سے فصلیں تباہ ہونے کے بعد ایران اور افغانستان سے ملک میں ٹماٹر اور پیاز کی آمد شروع ہوگئی ہے۔اے آر وائی نیوز کے مطابق پڑوسی ممالک سے پیاز کے 70 اور ٹماٹر سے 50 سے زائد ٹرالر کراچی کی سبزی منڈی پہنچ چکے ہیں جس کے بعد ان کی تھوک قیمتوں میں نمایاں کمی ہوگئی ہے۔
سبزی منڈی میں پیاز کی قیمت میں 100 روپے اور ٹماٹر کی قیمت میں 120 روپے فی کلو تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جس کے بعد ہول سیل میں پیاز 50 روپے کلو اور ٹماٹر 100 سے 110 روپے فی کلو میں فروخت ہوا ہے۔
اس حوالے سے مارکیٹ کمیٹی کے رہنما آصف احمد نے سندھ حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہر کی مارکیٹوں میں پیاز اور ٹماٹر کی سستے داموں فروخت یقینی بنائیں۔واضح رہے کہ سندھ میں شدید سیلاب اور فصلیں تباہ ہونے کے بعد کراچی سمیت ملک بھر میں سبزیوں کی قلت اور قیمتوں میں من مانا اضافہ ہوگیا ہے، شہر قائد میں پیاز 200 روپے اور ٹماٹر کی قیمت 500 روپے فی کلو تک فروخت کیے گئے ہیں۔