بھارتی وزیر نے نصیرالدین شاہ، جاوید اختر، شبانہ اعظمی کو ایجنٹ قرار دیدیا

مدھیا پردیش(قدرت روزنامہ)بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے وزیر نے لیجنڈری اداکار نصیرالدین شاہ اور شبانہ اعظمی کو ایجنٹ قرار دے دیا۔ مدھیا پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے بھارت میں تنازع کو اس وقت جنم دیا جب انہوں نے اداکار نصیرالدین شاہ، نغمہ نگار جاوید اختر اور ان کی اہلیہ شبانہ اعظمی کو ’ٹکڑے ٹکڑے‘ گروہ کا ایجنٹ کہا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ فلم نگری سے تعلق رکھنے والی ان شخصیات نے ان ریاستوں میں تنازعات کو جنم دیا جہاں پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے۔
نروتم مشرا کا کہنا تھا کہ یہ شخصیات صرف ان ہی ریاستوں میں ہوئے واقعات پر بات کرتے ہیں جو بی جے پی حکومت میں ہوتے ہیں اور انہیں بھارت میں رہنے میں بھی ڈر لگنے لگتا ہے۔ ساتھ میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ جبکہ دیگر ریاستوں میں اس طرح کے واقعات رونما ہوتے ہیں تو یہ شخصیات خاموش رہتی ہیں۔
مدھیا پردیش کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کی قلعی کھل چکی ہے، یہ لوگ دنیا کے سامنے عیاں ہوچکے ہیں۔ خیال رہے کہ مدھیا پردیش کے وزیر داخلہ کی جانب سے یہ بات ایسے وقت میں سامنے آئی جب اداکارہ شبانہ اعظمی بلقیس بانو ریپ کیس میں رہا 11 ملزمان کی رہائی پر غصہ کا اظہار کیا تھا۔