کابل ایئرپورٹ پر امریکی فوج کی فائرنگ، 5 افراد ہلاک
کابل (قدرت روزنامہ)کابل میں ایئر پورٹ پر ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے کی گئی امریکی فوج کی فائرنگ سے 5 افراد ہلاک ہوگئے۔برطانوی میڈیاکے مطابق افراتفری کے بعد کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بند کر دیا گیا ہے اور تمام کمرشل پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کابل ایئر پورٹ پر تعینات امریکی فوجیوں نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیےہوائی فائرنگ کی تھی۔
امریکی عہدیدار کے مطابق کابل ایئر پورٹ پر امریکی فورسز نے ملٹری پروازوں میں افغان عوام کو چڑھنے سے روکنے کیلئے ہوائی فائر کئے۔عہدیدار نے مزید بتایا کہ امریکا کی ملٹری پروازیں سفارتی عملے اور غیر ملکی اسٹاف کیلئے ہیں۔واضح رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ امریکی فوج نے کابل ایئرپورٹ کی حدود کو محفوظ بنالیا ہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا تھا کہ کابل میں امریکی سفارت خانہ مکمل خالی کرالیا گیا ہے اور سفارت خانے کا تمام عملہ حامد کرزئی ایئرپورٹ کی حدود میں موجود ہے۔