متعدد خواتین مجھ سے شادی کرنا چاہتی ہیں، گلوکار نعمان جاوید

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ماضی میں دو ناکام شادیاں کرنے والے گلوکار نعمان جاوید نے دعویٰ کیا ہے کہ چند خواتین نے انہیں شادی کی پیش کش کر رکھی ہے مگر وہ اس سے متعلق فیصلہ کرنے میں تذبذب کا شکار ہیں۔نعمان جاوید ‘اے آر وائے ڈیجیٹل’ پر نشر ہونے والے ریئلٹی شو ‘تماشا گھر’ کا حصہ ہیں، جہاں انہوں نے تازہ قسط میں اپنی ناکام شادیوں اور مستقبل کے حوالے سے بات کی۔
ریئلٹی شو کی تازہ قسط میں وہ ‘تماشا گھر’ میں شریک سحر کے ساتھ اپنی ناکام شادیوں اور مستقبل کے حوالے سے بات کرتے دکھائی دیے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت تک وہ تنہا زندگی گزار رہے ہیں مگر انہیں چند خواتین شادی کی پیش کش کرچکی ہیں، وہ ان کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتی ہیں مگر وہ اس متعلق فیصلہ کرنے میں تذبذب کا شکار ہیں۔


نعمان جاوید نے بتایا کہ چوں کہ پہلے ان کی دو شادیاں ناکام ہوچکی ہیں تو اس لیے وہ سوچ سمجھ کر قدم اٹھائیں گے، کیوں کہ دودھ کا جلا ہوا شخص چھاچھ کو پھونک پھونک کر پیتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں متعدد خواتین نے پروپوزل بھیجے ہیں، وہ ان سے شادی کرنا چاہتی ہیں مگر وہ نئی زندگی شروع کرنے کے کسی بھی فیصلے میں جلد بازی نہیں کرنا چاہتے اور وہ سوچ سمجھ کر کوئی فیصلہ کریں گے۔


انہوں نے اپنی پہلی دونوں ناکام شادیوں پر بھی بات کی اور دبے الفاظ میں بتایا کہ وہ دوسروں کے مسائل سمجھنے والے شخص ہیں اور جو کوئی ان کے سامنے مظلوم بن کر روتا ہے تو وہ ان کی مدد کرلیتے ہیں اور شاید یہی ان کی غلطی ہے اور اس کی سزا بھی انہیں ملی۔اگرچہ انہوں نے مظلوم بن کر سامنے رونے والے افراد کا نام نہیں لیا، تاہم انہوں نے یہ بات اپنی پہلی دونوں ناکام شادیوں سے متعلق کی جانے والی گفتگو کے دوران کی۔
نعمان جاید نے اپنی پہلی دونوں سابق بیویوں کا واضح نام لیے بغیر ساتھی خاتون کو بتایا کہ ان کی پہلی شادی ایک نامور گلوکارہ کے ساتھ ہوئی تھی جب کہ دوسری نامور اداکارہ کے ساتھ ہوئی تھی اور وہ ان کے نام بعد میں انہیں بتائیں گے۔

خیال رہے کہ نعمان جاوید کی پہلی شادی 2016 کے آغاز میں نامور گلوکار فریحہ پرویز کے ساتھ ہوئی تھی۔خبریں تھیں کہ دونوں نے 2015 میں ہی شادی کرلی تھی مگر ان کی شادی کی تصدیق 2016 کے آغاز میں ہوئی تھی مگر اسی سال نومبر 2016 میں ان کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔
فریحہ پرویز سے طلاق کے چند ماہ بعد ہی نعمان جاوید نے اداکارہ جاناں ملک سے 2016 میں ہی شادی کرلی تھی، خبریں تھیں کہ گلوکار نے فریحہ پرویز کو طلاق دینے سے قبل ہی جاناں ملک سے شادی کی تھی، تاہم اس حوالے سے انہوں نے کبھی کھل کر کوئی بات نہیں کی۔تاہم جاناں ملک اور نعمان جاوید کی شادی بھی ایک سال سے کم عرصے تک چلی اور دونوں کے درمیان 2017 کے وسط تک طلاق ہوگئی۔
نعمان جاوید کی دونوں طلاقوں سے متعلق خبریں تھیں کہ گلوکار کے غیر مستحکم مالی مسائل اور ان کے نامناسب رویے ہی ان کی شادیوں کے خاتمے کا سبب بنے، تاہم اس حوالے سے ان کی سابق بیویوں نے کبھی کوئی بات نہیں کی۔