پاکستان

آئی ایس پی آر کا عمران خان کے اداروں سے متعلق بیان پر ردعمل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاک فوج کی سینئر قیادت سے متعلق عمران خان کے فیصل آباد جلسے میں بیان کے معاملے پر آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی میں چیئرمین پی ٹی آئی کے بیان پر شدید غم و غصہ ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عمران خان نے فیصل آباد جلسے میں توہین آمیزاورغیرضروری بیان دیا۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ نازک وقت میں پاک فوج کی سینئرقیادت کومتنازعہ بنانے کی کوشش انتہائی افسوس ناک ہے۔ پاک فوج میں عمران خان کے بیان پرشدید غم وغصہ ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ نازک وقت میں پاک فوج کی سینئرقیادت کومتنازعہ بنانےکی کوشش انتہائی افسوس ناک ہے۔ پاک فوج قوم کی سیکیورٹی اورحفاظت کے لیے ہرروزجانیں قربان کررہی ہے۔پاک فوج میرٹ پریقین رکھتی ہے، میرٹ کی بات کی جائے تو اسے بہترین ادارہ کہا جاتا ہے۔ پاک فوج صرف بہترین کو فروغ دیتی ہے۔ ادارے میں جانبداری کا کوئی تصورنہیں۔
پاک آرمی میں سپاہی کا بیٹا آرمی چیف ہو سکتا ہے اور جنرل کا بیٹا بھی منتخب نہیں ہو سکتا۔ پاک فوج قومی فوج کی حقیقی عکاس ہے جہاں رنگ و نسل یا قبیلے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ایک کورس سے صرف ایک اور دو افسران لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر پہنچتے ہیں۔ جو سخت ترین اسکریننگ اور کلیئرنس سے گزرتے ہیں۔
فوج انفرادی ترجیحات کی بجائے آئین پاکستان کی پابند ہے۔ آرمی چیف پاکستان اور پاک فوج کے ہیں۔ اسے چند لوگوں یا پارٹی سے جوڑنا بدقسمتی ہے۔ پاکستان آرمی قومی اور پاکستانی عوام کی فوج ہے۔دوسری جانب حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے مشترکہ بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے افواجِ پاکستان اور ان کی قیادت کے خلاف نفرت پھیلانے اور حساس پیشہ وارانہ امور کو متنازع بنانے کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور اداروں کے ساتھ مل کر مسلح افواج سیلاب متاثرین کی مدد کر رہی ہیں۔
حکومتی اتحات کے مشترکہ بیان کے مطابق مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف جرأت و بہادری سے جنگ لڑ رہی ہیں، دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں فوج کے افسر اور جوان جامِ شہادت نوش کر رہے ہیں، ایسے میں تنہا آواز ہر روز قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے لیے جھوٹ پھیلا رہی ہے۔بیان میں حکومتی اتحاد کا کہنا ہے کہ بہتان تراشی کا مقصد معاشی بحالی کے عمل کو متاثر کرکے پاکستان کو سری لنکا بنانا ہے، آئین اور قانون کی طاقت سے اس مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے، سازشیوں سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹیں گے، پاکستان آئین کے مطابق چلے گا۔
حکومتی اتحاد نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو کسی فردِ واحد کے آمرانہ رویوں کا غلام بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، مسلح افواج سمیت قومی اداروں اور قیادت کے آئینی احترام کو ہرگز متاثر نہیں ہونے دیں گے، سیلاب زدگان کی امداد، بحالی اور ریلیف کے عمل کو ہرگز متاثر نہیں ہونے دیں گے۔جاری کیے گئے بیان میں حکومتی اتحاد نے مذید کہا کہ سازشی عناصرسے آئین اور قانون کے مطابق نمٹیں گے، پاکستان کو کمزور کرنے کے ہر مذموم ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے۔

متعلقہ خبریں