لڑکی نے پہلی تنخواہ ماں کو بھیجی لیکن غلط شخص کو پہنچ گئی، رقم واپس مانگی تو انکار لیکن پھر تھوڑی ہی دیر بعد ایسا کام کردیا کہ خوشی کا ٹھکانہ ناں رہا
کوالالمپور(قدرت روزنامہ)ملائیشیاءمیں ایک لڑکی نے اپنی پہلی تنخواہ ہی غلطی سے ایک اجنبی شخص کو ٹرانسفر کر دی اور اس اجنبی نے لڑکی کو ایسی بات کہہ دی کہ بیچاری منہ دیکھتی رہ گئی۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق فہدہ بستاری نامی اس لڑکی کو پہلی تنخواہ ملی تو اس نے ساری تنخواہ اپنی ماں کو سرپرائز کے طور پر بھجوانے کا فیصلہ کیا مگر غلطی سے رقم اپنی ماں کی بجائے ایک اجنبی کے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کر دی۔
اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں فہدہ بستاری بتاتی ہے کہ ”اپنی ماں کو رقم ٹرانسفر کرنے کے بعد میں نے اسے فون کرکے پوچھا تو اس نے بتایا کہ اسے کوئی رقم موصول نہیں ہوئی۔ اس پر میں پریشان ہو گئی اور ٹرانسفر کی تفصیلات دوبارہ چیک کیں تو اپنی غلطی کا ادراک ہوا۔
میں نے اس اجنبی شخص سے رابطہ کیا تو اس نے یہ کہہ کر مجھے رقم واپس کرنے سے انکار کر دیا کہ ”تم نے یہ غلطی نہیں کی، تم سمجھو کہ تم نے اپنی تنخواہ فلاحی کاموں کے لیے چندہ کر دی ہے۔“ویڈیو میں اپنے ساتھ پیش آنے والا یہ واقعہ بتاتے ہوئے فہدہ آبدیدہ ہو گئی۔ تاہم چند گھنٹے بعد اس نے اپنے اکاؤنٹ پر ایک اور ویڈیو پوسٹ کی جس میں اس نے بتایا کہ ”اس شخص نے مجھ سے دوبارہ رابطہ کیا اور بتایا کہ اس نے میری رقم واپس میرے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کر دی ہے۔ میں نے اپنا اکاؤنٹ چیک کیا تو واقعی میری رقم واپس آ چکی تھی۔ “