ہماری آزادی شہداء کی قربانیوں کا ثمر ہے۔۔ آرمی چیف کا یوم دفاع پاکستان پر خصوصی پیغام

راولپنڈی(قدرت روزنامہ) یوم دفاع پاکستان کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہماری آزادی اور امن شہداء کی بے مثال قربانیوں کا مرہون منت ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے ٹوئٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان سے متعلق اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ شہدا کی بے مثال قربانیوں کی بدولت ہی ہمارا پرچم سربلند ہے۔ قوم ہمارے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے۔


آرمی چیف نے کہا کہ 6 ستمبر افواج پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ عظیم قوم کی حمایت سے مسلح افواج تمام مشکلات کے باوجود مادر وطن کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے۔

دوسری جانب سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے یوم دفاع پر پاکستان میں کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے، جو دشمن کی جارحیت کے خلاف پاکستانی قوم کے بے مثال اتحاد اور پختہ عزم کی یاد دلاتا ہے جب پوری قوم نے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دشمن کی جارحیت کو شکست فاش دی۔