انجلینا جولی نے بریڈ پٹ پر 250 ملین ڈالر کا مقدمہ دائر کردیا

فرانس (قدرت روزنامہ)عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجلینا جولی نے مشترکہ جائیداد پر قبضہ کرنے کے الزام میں اپنے سابق شوہر، اداکار بریڈ پٹ پر 250 ملین ڈالر کا مقدمہ دائر کردیا۔غیر ملکی میڈیا پر سامنے آنے والی عدالتی دستاویزات میں انجلینا جولی نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے اور بریڈ پٹ نے مل کر فرانس کے جنوب میں 1300 ایکڑ پر مشتمل مشترکہ جائیداد خریدی اور اپنے کاروبار کو بڑھانے کے لیے کئی گنا سرمایہ کاری کی۔
اداکارہ کا دعویٰ ہے کہ اب بریڈ پٹ نے طلاق اور بچوں کی تحویل کی کارروائی کے بدلے میں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ جائیداد میں سے مجھے ایک پیسہ بھی نہ ملے، فرانس میں موجود مشترکہ جائیداد پر قبضہ کرنے کے لیے ایک مہم شروع کی ہے۔
انجلینا جولی کے مطابق، بریڈ پٹ نے اُنہیں خاموش کروانے کے لیے ان سے ایک کانٹریکٹ پر دستخط بھی کروائے تاکہ اُنہیں شادی کی تفصیلات پھیلانے سے روکا جا سکے۔اداکارہ نے مقدمے میں بریڈ پٹ پر یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ بریڈ پٹ نے طلاق کے بعد ان کی رضامندی کے بغیر فرانس میں موجود مشترکہ جائیداد کے کچھ تعمیراتی کاموں پر کئی ملین ڈالرز خرچ کیے ہیں۔