اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی قیادت کے گرد گھیراتنگ کرتے ہوئے عمران خان اور شوکت ترین کے خلاف اقدامات پر غور شروع کردیا ہے . ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف آئینی و قانونی لحاظ سے گھیرا تنگ کرنا شروع کردیا اور سابق حکمران جماعت کے اہم رہنماؤں کے خلاف مختلف آئینی و قانونی شقوں کا شکنجہ کسنے کی حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے .
اس سلسلے میں سابق وزیراعظم عمران خان ، سابق وزیر خزانہ سینیٹر شوکت ترین و دیگر کے خلاف اقدامات پر غور کیا جارہا ہے .
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 63 کی شق جی کے تحت نظریہ پاکستان ، اقتدار اعلیٰ ، ملکی سالمیت اور سلامتی کے ساتھ مسلح افواج و عدلیہ کے تقدس کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے . سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے خلاف پاکستان پینل کوڈ 406 کے تحت کارروائی پر بھی غور کیا جارہا ہے . پاکستان پینل کوڈ کی شق 406 خیانت مجرمانہ کے مرتکب شخص کے خلاف کارروائی کا اختیار دیتی ہے .
ذرائع کے مطابق سابق وزیر خزانہ نے سینیٹر کے حلف کے دوران خیبرپختونخوا اور پنجاب کے صوبائی وزرائے خزانہ کو وفاقی وزارت خزانہ سے عدم تعاون کا مشورہ دیا . وفاقی حکومت سابق وزیر خزانہ کے اس اقدام کو ان کے حلف سے روگردانی قرار دیتی ہے .